اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حال ہی میں شوہر اور بیوی کے رشتے سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت دے دی۔
سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور کہا کہ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا میں اب بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ بیوی، شوہر کی ماں نہیں ہوتی اور انہیں ایسی کوشش کرنی بھی نہیں چاہیے۔
انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں اپنے شوہر کی ماں نہیں ہوں، میرے شوہر کی والدہ زندہ ہیں اور شوہر نے کبھی مجھے والدہ کے طور پر نہیں دیکھا، بطور بیوی اور ماں میرے کردار مختلف ہیں، میں شوہر کا دوسری طرح خیال رکھتی ہوں جبکہ بیٹے کا خیال رکھنے کا میرا طریفہ مختلف ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ شادی کے بعد شوہر اور بیوی کے تعلقات منفرد ہوجاتے ہیں، وہ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں لیکن کبھی بھی بیوی، شوہر کی ماں نہیں بنتی اور نہ وہ اس کی جگہ لے سکتی ہے۔
نادیہ جمیل کے مطابق میرے ویڈیو کلپ میں میرے بیان کو غلط انداز میں سمجھا اور پیش کیا گیا اس لیے میں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔
واضح رہے کہ نادیہ جمیل کی ایک ویڈیو کچھ دن قبل وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شوہروں کو سمجھنا چاہیے کہ بیویاں ان کی ماں نہیں ہوتیں اور نہ ہی بیویوں کو شوہروں کی ماں بننے کی ضرورت ہے۔