اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے کوئی نہیں پہنچا

حمیرا اصغر ڈیفنس کراچی

کراچی: پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے ابھی تک کوئی نہیں پہنچا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس فیز 6 سے اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کے اہل خانہ فون پر پولیس سے رابطے میں ہیں، تاہم اہل خانہ میں سے کوئی ابھی تک لاش وصول کرنے نہیں پہنچا، لاش کی کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے پر وجہ موت معلوم ہو سکے گی۔

پولیس حکام کے مطابق جب پولیس متوفی اداکارہ کے فلیٹ پہنچی تو گھر اندر سے لاک تھا، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔


حمیرا اصغر کے انتقال کے بعد نادیہ حسین کا لڑکیوں کو اہم مشورہ


واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے 35 سالہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہوئی تھی، حمیرا فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھی، خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرایہ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا تھا، سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا جس پر جب آج بیلف آیا تو فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی معلوم ہوتا ہے۔