حافظ آباد: پنجاب کے شہر حافظ آباد میں شہری پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے والی ایک خاتون سے متعلق پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بلیک میلنگ میں ملوث ہے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں زنا بالجبر کی جھوٹی درخواست دینے پر پولیس نے خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
معلوم ہوا کہ خاتون جھوٹے الزامات لگا کر شہریوں کو بلیک میل کرتی رہتی ہے، خاتون نے تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں میں شہری کے خلاف جنسی زیادتی کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا، جس پر تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ خاتون پہلے بھی مختلف تھانوں میں جعلی مقدمات درج کراتی رہی ہے۔
بچے سے زیادتی کے ملزم بلال راجپوت کے تھانے سے فرار پر 3 اہلکار لاک اپ کر دیے گئے
حافظ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون متاثرہ شہریوں کو بلیک میل کر کے بھاری رقوم وصول کرتی ہے، جس کے خلاف پولیس نے اینٹی ریپ (انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈی پی او عاطف نذیر کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری طرف اوکاڑہ میں تھانہ صدر کی حدود میں ڈکیتی میں ملوث سابق پولیس رضا کار مقیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، 3 ملزمان نے شہری ابوبکر سے زمان پارک کے قریب لوٹ مار کی تھی ، واردات میں برطرف کانسٹیبل الیاس، ایک نامعلوم ساتھی بھی شامل ہے، سابق کانسٹیبل الیاس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔