سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ بجٹ میں تنخواہوں میں اعلان کردہ اضافے کا سندھ حکومت نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق اور صوبوں نے مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ سندھ کے سرکاری ملازمین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ صوبائی حکومت نے تنخواہوں میں اعلان کردہ اضافے کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ ماہ 13 جون کو مالی سال برائے 26-2025 کے لیے 34 کھرب 51 ارب کا بجٹ پیش کیا تھا اور اس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 سے 12 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔ سندھ اسمبلی نے 25 جون کو بجٹ منظور کر لیا تھا۔
بجٹ پیش کیے جانے سے قبل سندھ کابینہ کے اجلاس میں بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی منظوری دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ وفاق نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے۔