چلتی ٹرین میں ریل بنانے والی لڑکی کو والدہ نے تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

بھارت میں چلتی ٹرین کے دروازے پر ریل بنانے والی لڑکی کو والدہ نے تھپڑ جڑ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارت میں حال ہی میں ایک ویڈیو نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی جس میں لڑکی کو انستاگرام کے لیے ریل شوٹ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے چلتی ٹرین سے ٰخطرناک طریقے سے ٹیک لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

جیسے ہی اسٹنٹ شروع ہوا لڑکی کی والدہ آگئیں لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹی، والدہ نے جلدی سے اسے دروازے سے ہٹایا اور تھپڑ رسید کیا اور باتیں سنانا شروع کردیں۔

یہ ویڈیو اب وائرل ہو چکی ہے اور آن لائن لوگ اسے ایک انتہائی ضروری ویک اپ کال قرار دے رہے ہیں۔

ویڈیو بنانے والی لڑکی کی شناخت 21 سالہ صاحبہ کے نام سے ہوئی ہے ویڈیو میں وہ ٹرین کے دروازے کے کنارے پر کھڑی ہوکر چند سیکنڈ کی شہرت کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈال رہی تھی۔

والدہ کی جانب سے تھپڑ مارنے کے بعد لڑکی کی عقل ٹھکانے آئی اور اس نے والدہ سے معافی بھی مانگی۔

سوشل میڈیا صارفین نے والدہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی والدین اس طرح نظر آتے ہیں۔ دوسروں نے کہا کہ یہ اسٹنٹ بہت سے نوجوان پیروکاروں کو اس طرح کے رویے کی نقل کرنے کے لیے متاثر کر سکتا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ بس مجھے ایسی ہی ماں چاہیے۔ دوسرے صارف نے کہا کہ ’بس سب کی مائیں ایسی ہوجائیں۔‘