پاکستان نے یو اے ای کی ایئرلائن ایئر عربیہ کو پاکستان کو مزید پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق ایئرعربیہ کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ہفتہ وار 7 پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے ایئرعربیہ 17 جولائی سے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی، ملتان اور فیصل آباد پر ایئرعربیہ کو ہفتہ وار پانچ، پانچ پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہوگئے۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں رابطہ ہوا ہے، امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے پاکستان کے دورے کو حتمی شکل دے دی۔
امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گی جس میں پروازوں کے معاملے پر بات ہوگی۔
برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا ہے، برطانیہ جانے والی پرواز کے مسافروں کی سیکیورٹی اسکریننگ کے عمل کی جانچ پڑتال کی۔
برطانوی ٹیم نے مسافروں کی چیک ان عمل اور بورڈنگ کے اجرا کے نظام کو چیک کیا، مسافروں کی ایمی گریشن اور ویزے کی جانچ کے نظام کا بھی آڈٹ کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی افسران نے ٹیم کو بریفنگ بھی دی۔
برطانوی ٹیم سی اے اے سے مل کر اسلام آباد ایئرپورٹ کا سیکیورٹی آڈٹ کررہی ہے، ڈی ایف ٹی نے اسلام آباد سے لندن جانے والی ایئرلائن کا انسپکشن بھی کیا، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم 10 جولائی تک آڈٹ مکمل کرلے گی، پاکستانی ایئرلائنز سے متعلق برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ متوقع ہے۔