پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر وائٹلٹی بلاسٹ 2025 میں شاندار بولنگ کے باوجود اپنی ٹیم ایسیکس کو شکست سے نہ بچاسکے۔
وائٹلٹی بلاسٹ کے میچ میں سمرسیٹ نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے، ٹام کہولر کیڈمور نے 39 گیندوں پر 90 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
ول سمیڈ 20 گیندوں پر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے، شان ڈکسن 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کپتان لیوس گریگوری اور بین گرین نے بھی بالترتیب 18 اور 13 رنز بنائے۔
ایسیکس کی جانب سے محمد عامر نے اپنے چار اوور کے اسپیل میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عامر نے گریگوری، گرین اور ٹام بینٹن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ایسیکس کی ٹیم 14.1 اوورز میں صرف 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نوح تھپن نے 17 گیندوں پر 38 رنز بنائے، پال والٹر 12 گیندوں پر 24 رنز بناسکے، کپتان سائمن اہرمر نے 15 پر 20 جبکہ محمد عامر ایک گیند پر 5 رنز بناسکے۔
سمرسیٹ کی جانب سے میٹ ہینری نے 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ریلی میریڈیتھ اور کریگ اوورٹن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس شکست کے بعد ایسیکس پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے اور 11 میچوں میں صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرسکی ہے۔
محمد عامر نے رواں سیزن میں 11 میچوں میں 9.09 کی اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔