کراچی: شہر قائد میں آج صبح سے بادلوں کے ڈیرے ہیں جبکہ سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس کی فضا برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج صبح سے بادلوں کے ڈیرے ہیں جس کے سبب مختلف علاقوں میں پھوار اور بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہےگا ، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہے۔
اس وقت شہر کا موجودہ درجہ 29 حرارت ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جاسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 79 فیصد ہے اس کے علاوہ جنوب مغرب سمت سے ہوائیں 10کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
مزید پڑھیں : موسم سے متعلق خبریں
دوسری جانب خضدار میں بارش کے باعث حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ایک زخمی کواسپتال منتقل کردیا گیا، نصیرآباد، بارکھان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ڈی جی خان اور گردونواح میں آندھی، کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلےمیں طوفانی بارش ہوئی، برساتی ندیوں میں طغیانی آنےکا خدشہ ہے۔