دہلی میں شدید زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

دہلی میں شدید زلزلہ، شدت 4.4 ریکارڈ

بھارت کے دہلی اور این سی آر کے علاقوں میں آج صبح شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آج صبح بارش کے دوران زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، نیشنل سینٹر فار سسمولوجی کا کہنا ہے کہ زلزلہ صبح 9 بج کر 4 منٹ پر آیا اور اس کی شدت تقریباً 4.4 ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور قریبی علاقوں میں تقریباً 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جب کہ مغربی اترپردیش کے مظفرنگر سمیت دیگر شہروں میں بھی اس کے اثرات سامنے آئے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تجربات شیئر کیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ متعلقہ محکمے صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ زلزلے کی شدت درمیانے درجے کی تھی، اس لیے ممکنہ طور پر اس سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا، تاہم شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کے سبب مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ کی تصدیق آفات کنٹرول روم کی جانب سے کی گئی، کنٹرول روم کے مطابق زلزلہ کا مرکز زمین سے 5 کلومیٹر نیچے تھا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی۔

کراچی میں چند دنوں میں ریکارڈ 57 بار زلزلہ کیوں آیا؟ چونکا دینے والا انکشاف

قومی زلزلہ سائنس مرکز نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اطلاع دی کہ بھارتی ریاست اتراکھنڈ اترکاشی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے جھٹکے آتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔