سانحہ لیاری : ایس بی سی اے بلڈنگ پر پولیس کا چھاپہ، متعدد اعلیٰ افسران زیرِ حراست

ایس بی سی اے بلڈنگ پر پولیس کا چھاپہ

کراچی : پولیس نے لیاری بلڈنگ گرنے کے واقعے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) بلڈنگ پر چھاپہ مار کر متعدد اعلیٰ افسران کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) بلڈنگ پر پولیس نے چھاپہ مارا اور اس دوران متعدد اعلیٰ افسران حراست میں لیے گئے۔

ذرائع ایس بی سی اے نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ڈی جی ایس بی سی اےکی موجودگی میں افسران کو حراست میں لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈی جی عرفان نقوی، ڈائریکٹراشفاق کھوکھو، ڈائریکٹراسٹرکچرفہیم مرتضیٰ ، ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم خان، فہیم صدیقی، انسپکٹرذوالفقارشاہ ، ڈائریکٹر انڈسٹریز جلیس صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظفر حراست میں لینے والوں میں شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق ڈائریکٹر آصف رضوی کو اجلاس میں بلا کر حراست میں لیا گیا، اجلاس میں 2021 سے 2025 تک غیر قانونی طور سے بنائے گئے اضافی پورشنز کی تعمیرات پر بات چیت کی جارہی تھی۔

مزید پڑھیں : لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ذرائع کے مطابق افسران اور بلڈرز کے خلاف بغدادی تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، حراست میں لئے گئے افسران کا تعلق لیاری ڈویڑن اور ساوتھ زون سے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ تمام افسران کو لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے حراست میں لیا گیا ہے۔

یاد رہے سندھ حکومت نے لیاری عمارت گرنے کے واقعے پر اسحاق کھوڑو کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کی تھی۔

ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) محمد اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا۔

محمد اسحاق کھوڑو کی جگہ شاہ میر خان بھٹو نئے ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کر دیے گئے تھے۔