بھارت کے عالمی شہرت یافتہ بلے باز سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر لب کشائی کی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر پہلی بار لب دل کی بات بتائی، سابق کپتان نے اپنے خیالات کا اظہار یووراج سنگھ کی فلاحی تنظیم کے لیے لندن میں منعقدہ فنڈ ریزنگ ڈنر تقریب میں کیا جہاں دنیا بھر سے موجودہ اور سابق کرکٹ اسٹارز ایک چھت تلے جمع ہوئے۔
جب میزبان نے کوہلی سے تقریب کے دوران کہا کہ سب لوگ انہیں میدان میں یاد کر رہے ہیں، تو ویرات نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں نے دو دن پہلے اپنی داڑھی کو رنگ لگایا تھا اور جب ہر چار دن میں داڑھی رنگنی پڑے تو سمجھ لیں کہ وقت آ چکا ہے۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کوہلی نے اپنے سابق کوچ روی شاستری کے ساتھ اپنے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر میں روی بھائی کے ساتھ نہ ہوتا تو جو کچھ میں نے ٹیسٹ کرکٹ میں حاصل کیا وہ میں حاصل نہیں کرپاتا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان جو کلیئرٹی اور اعتماد تھا وہ کسی نعمت سے کم نہیں، انہوں نے ہمیشہ میرا دفاع کیا، یہاں تک کہ میڈیا میں بھی میرے لیے فرنٹ لائن پر کھڑے ہوئے، میں ہمیشہ ان کی عزت کروں گا۔
کوہلی نے یووراج سنگھ کے ساتھ اپنی پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دوستی صرف میدان تک محدود نہیں تھی، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا، وہ مجھے ٹیم میں لے کر چلے، اعتماد دیا اور زندگی کے کئی پہلوؤں سے روشناس کرایا، یہ سب لمحے میرے دل کے بہت قریب ہیں۔
ویرات کوہلی کا ایڈن مارکرم سے متعلق پرانا ٹوئٹ وائرل
کوہلی کا دلچسپ انداز میں ریٹائرمنٹ پر تبصرہ اور اپنے پرانے ساتھیوں کے ساتھ محبت بھرا لہجہ مداحوں کے دلوں کو بھا گیا۔
واضح رہے کہ کوہلی نے 12 مئی کو انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔