پشاور: حال ہی میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق ترجمان ثمر ہارون بلور نے آئندہ الیکشن آبادئی حلقے سے لڑنے کا اعلان کر دیا۔
ثمر ہارون بلور آج الیکشن کمیشن پہنچیں جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے ایک سال سے بات چیت جاری تھی، غور و مشاورت سے قدم اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ اپنے شہر کیلیے کچھ کرنا چاہتی ہوں، غلام احمد بلور کے سیاست سے کنارہ کشی کے بعد (ن) لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ثمر ہارون بلور (ن) لیگ میں شامل ہوگئیں
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کے نام پر سرکس چل رہی ہے، جو لوگ شہر پر مسلط ہیں وہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کے ٹکٹ پر پشاور کے آبائی حلقے سے حصہ لوں گی۔
گزشتہ روز اے این پی کی سابق ترجمان نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن گئیں۔
ثمر ہارون بلور نے (ن) لیگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان ملاقات کے دوران وفاقی وزیر امیر مقام و دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
دوسری جانب، ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ثمر ہارون بلور خیبر پختونخوا میں مخصوص نشست ملنے کی یقین دہانی پر (ن) لیگ میں شامل ہوئی ہیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد (ن) لیگ نے مزید 6 نام الیکشن کمیشن کو دینے ہیں، ثمر ہارون بلور کا نام بھی 6 نئے اراکین میں شامل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وہ پہلے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی تھیں تاہم اے این پی قیادت کی مداخلت پر سیاسی جماعت نے ان کو شامل کرنے سے معذرت کی تھی۔
اے این پی رہنما غلام احمد بلور نے بھی پارٹی کی سابق ترجمان کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔