انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائیاں گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، رحیم یار خان، میاں چنوں میں کی گئیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملتان رحیم یار خان اور میاں چنوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث منظم گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار گروہ کے اراکین نے سوشل میڈیا کے ذریعہ بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر سادہ لوح افراد نے لاکھوں روپے ہتھیائے۔

ملزمان نے جعلی ویزے دکھا کر نیوزی لینڈ اور بحرین کا ورک ویزہ فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور متاثرین سے 45 لاکھ روپے نقد اور 40 لاکھ روپے بینکنگ ذرائع سے وصول کیے۔

ایف آئی نے دوسری کارروائی گوجرانوالہ اور گجرات میں کیں، جس میں تین ملزمان رفیق، مہد بؔٹ اور عبدالمعیز کو گرفتار کیا گیا۔ جن سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزمان بھی بیرون ملک ملازمت اور ویزہ دلانے کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے لیتے تھے۔ متاثرہ شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام ہونے پر ملزمان روپوش ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے بالخصوص یونان اور لیبیا کشتی حادثات کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ملک بھر سے درجنوں ملزمان کو گرفتار کر چکی ہے۔

دوسری جانب لیبیا کشتی حادثے کی انکوائری رپورٹ میں انسانی اسمگلنگ میں ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران پر بھی ذمہ داری عائد کی گئی تھی۔

تاہم بڑے افسران کو بچانے کے لہیے ایف آئی اے کے 87 چھوٹے رینک کے افسر بلیک لسٹ کر کے ان کی امیگریشن چیک پوسٹ اور اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل پر تعیناتی پر پابندی عائد کر دی تھی۔

https://urdu.arynews.tv/libya-and-greece-boat-accident-report-fia/