لیاری حادثہ: سندھ حکومت کا متاثرہ خاندانوں کو 3 ماہ کا کرایہ دینے کا اعلان

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے گزشتہ دنوں لیاری حادثہ کے متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ کا کرایہ بطور امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ حکومت گزشتہ دنوں لیاری حادثہ کے متاثرہ خاندانوں کو تین ماہ کا کرایہ بطور امداد دے گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ گزشتہ دنوں عمارت گرنے والے واقعہ کے بعد لیاری میں مزید 9 غیر محفوط عمارتیں خالی کرا لی گئی ہیں اور ان میں سے ایک خستہ حال عمارت کا انہدام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نئے ڈائریکٹر جنرل نے ادارے کے افسران کو 15 دن میں اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے سی ویو پر غیر قانونی گندے پانی کے اخراج کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزیر بلدیاتی سعید غنی نے لیاری سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 10،10 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔

https://urdu.arynews.tv/karachi-lyari-building-collapsed-major-revelation/