کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے شارٹ لسٹ چاروں کنسورشیم کو آئندہ ہفتے پی آئی اے کے دورے کرائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں مزید تیزی آگئی ، ذرائع نے کہا کہ شارٹ لسٹ چاروں کنسورشیم کو آئندہ ہفتے پی آئی اے کے دورے کرائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نجکاری میں دلچسپی رکھنے والے کنسورشیم کو پی آئی اے ہیڈ کوارٹر کراچی میں بریفنگ دی جائے گی۔
کنسورشیم حکام کو ملازمین،آمدنی ،طیاروں ،ڈومیسٹک ،انٹرنیشنل روٹس پربریفنگ دی جائے گئی۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کو مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کردی گئی ، بولی سےقبل 4سرمایہ کاری گروپس کوپی آئی اے کے آفیشل ریکارڈ تک رسائی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق چاروں سرمایہ کاری گروپس کوپی آئی اے کابزنس پلان دیکھ کر بولی لگانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں : نجکاری کمیشن بورڈ نے پی آئی اے کے لیے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کرلیا
یاد رہے نجکاری کمیشن بورڈ نے پی آئی اے کے لیے 4 سرمایہ کاروں کو پری کوالیفائی کیا تھا۔
نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مکمل جانچ پڑتال کے بعد 4 سرمایہ کار کمپنیوں کو پہلے سے اہل قرار دیا گیا ہے، پہلے سے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ لمیٹڈ، حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ ، کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میٹرو وینچرز لمیٹڈ بھی کنسورشیم میں شامل ہیں۔
دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائئزر کمپنی شامل ہے، سٹی اسکولز لمیٹڈ اور لیک سٹی ہولڈنز بھی دوسرے کنسورشیم میں شامل ہیں۔
تیسرے کنسورشیم میں فوجی فرٹیلائزر اور چوتھے میں ایئربلیو شامل ہے، کوالیفائی کرنے والے کنسورشیم اب ڈیوڈیلیجنس مرحلے کی طرف بڑھیں گی۔