چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری

وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد پر عمل شروع کر دیا گیا ہے اور ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان نے چینی امپورٹ کیلیے ٹینڈر جاری کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد پر عمل شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان نے چینی کی درآمد کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

ٹریڈنگ کارپوریشن کی جانب سے 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے پہلا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ چینی درآمد میں دلچسپی رکھنے والے انٹرنیشنل سپلائرز اور مینو فیکچررز سے 18 جولائی تک بولیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں حکومت نے نجی شعبہ کو چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

بعد ازاں وفاقی کابینہ کے حتمی فیصلے کے بعد وزارت غذائی تحفظ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ حتمی طور پر ہو گیا ہے۔ چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی۔

چینی کا بحران، امپورٹ کی تو شہریوں کو کس دام ملے گی؟ ہوشربا انکشاف

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کیے جانے کے بعد درآمدکی گئی چینی سستی کرنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہوگئی ہے۔ ایف بی آر نے اس حوالے سے گزشتہ روز درآمد کی جانے والی چینی پر سیلز ٹیکس کی کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔

تاہم اس کے باوجود ملک بھر میں چینی کی قیمتوں کی اونچی اڑان جاری ہے اور اس کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/sugar-price-reached-double-century/