اسلام آباد : پاکستان میں کرپٹو کرنسی کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا، بٹ کوائنز کو قومی ذخیرے میں شامل کرنے کا ارادہ مالی استحکام کی طرف اہم سنگ میل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کی بڑھتی اہمیت کے باعث پاکستان میں کرپٹو کرنسی کا نیا نظام متعارف کرادیا گیا۔
نیو یارک کے کوائن ٹیلی گراف میگزین نے پاکستان کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کےاقدامات کو سراہا۔
وزیرمملکت بلال بن ثاقب کا کہنا ہے پاکستان کرپٹو اثاثوں کو منظم کرنے کیلئے بٹ کوائن ذخائر قائم کرے گا اور اپنے بٹ کوائن ذخائر سے ڈی فائی کے ذریعے آمدن حاصل کرے گا۔
کوائن ٹیلی گراف میگزین کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بٹ کوائنز کو قومی ذخیرے میں شامل کرنے کا ارادہ مالی استحکام کی طرف اہم سنگ میل ہے، کرپٹو کرنسی اپنانے میں پاکستان کی تیز رفتار پیشرفت سے انڈیکس میں نواں نمبر آگیا ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان کرپٹو کی دنیا میں عالمی رہنما کے طور پر متعارف ہونے کے قریب پہنچ گیا
رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) مل کر ایک مضبوط کرپٹو فریم ورک کی تشکیل کریں گے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو محفوظ اور مستحکم بنایا جا سکے۔
بلال بن ثاقب نے مائیکرو اسٹریٹیجی کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین مائیکل سیلر سے ملاقات بھی کی، جس میں انہیں پاکستان کے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کے لیے مشیر بننے کی پیشکش دی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2024 میں پاکستان کرپٹو کرنسی اپنانے کی رفتار کے لحاظ سے دنیا بھر میں نویں نمبر پر رہا، جو اس شعبے میں پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔