جنوبی افریقا کے کپتان ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میں 400 رنز کا ریکارڈ نہ توڑنے پر لارا کی کہی ہوئی بات بتا دی۔
جنوبی افریقی کرکٹر ویان ملڈر نے کہا کہ 400 رنز نہ بنانے پر برائن لارا نے کہا کہ مجھے عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کرنی چاہیے تھی کیونکہ ریکارڈ ٹوٹنے کے لیے بنتے ہیں اگر پھر کبھی موقع ملے تو مجھ سے زیادہ رنز کرنا۔
انہوں نے کہا کہ یہ برائن لارا کی رائے ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میں نے درست کیا، میں گیم کی عزت کرتا ہوں اور یہ میرے لیے سب سے اہم ہے۔
یہ پڑھیں: لارا کے ریکارڈ کے قریب پہنچ کر ویان ملڈر نے اننگز ڈیکلیئر کردی، شائقین حیران
ویان ملڈر کا کہنا تھا کہ اگر مجھے دوبارہ موقع ملا تب بھی برائن لارا کا ریکارڈ نہیں توڑوں گا۔
واضح رہے کہ ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف 367 رنز کے انفرادی اسکور پر اننگز اس وقت ڈیکلیئر کر دی تھی جب وہ لارا کے ٹیسٹ میں بنائے گئے تاریخی 400 رنز کے ورلڈ ریکارڈ سے صرف 33 رنز دور تھے۔
برائن لارا نے آج سے 21 سال قبل سال 2004 میں اینٹیگوا میں انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے 400 رنز اسکور کیے تھے اور یہ آج بھی عالمی ریکارڈ ہے۔