نجی ایئرلائن کی غفلت سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچنے والے مسافر شاہ زین نے ’باخبر سویرا‘ میں روداد سنا دی۔
پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے مسافر شاہ زین نے کہا کہ 7 جولائی کو رات 10 بجے لاہور سے کراچی کی فلائٹ تھی، ایئرہوسٹس کو بورڈنگ پاس دکھایا تو انہوں نے سیٹ کنفرم کرلی۔
مسافر نے تایا کہ دو گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے پر عملے سے پوچھا کراچی کیوں نہیں پہنچا تو وہ پریشان ہوگئے۔
یہ پڑھیں نجی ایئرلائن نے لاہور سے کراچی جانے والے مسافر کو جدہ پہنچا دیا
انہوں نے کہا کہ نجی ایئرلائن واپس لاہور لائی تو ایف آئی اے نے نجی ایئرلائن کی غلطی قرار دی اور انہیں تاکید کی کہ ٹکٹ کرواکر کراچی بھیجیں لیکن انہوں نے ایسا نہ کیا۔
ایئرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسافر کا جدہ پہنچ جانا مذکورہ ایئرلائن کی غفلت اور لاپرواہی ہے اتھارٹی کو نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کی درخواست کردی ہے۔
متاثرہ مسافر نے کہا تھا کہ ڈومیسٹک ایئرلائن کی جگہ دو طیارے لگے ہوئے تھے، طیارے میں سوار ہونے کے بعد ایئرہوسٹس کو ٹکٹ بھی دکھائی تھی، ایئرہوسٹس کا فرض تھا کہ وہ بتائیں غلط طیارے میں آگیا ہوں، میرے پاس پاسپورٹ اور ویزا بھی نہیں تھا۔
مسافر کے مطابق دو گھنٹے بعد میں نے کہا کہ فلائٹ اب تک کراچی کیوں نہیں پہنچی، میری بات سن کر پورا عملہ پریشان ہوگیا اور کہا کہ آپ کی غلطی ہے، عملے کو شکایت کی کہ تو مجھے ہی غلطی کا ذمہ دار ٹھہرا دیا گیا۔
مسافر کا کہنا تھا کہ میں نے کہا کراچی پہنچائیں تو کہا دو تین دن لگیں گے، مجھے کہا گیا کہ ایف آئی اے انکوائری کرے گی تو میں نے اس میں بھی تعاون کیا ہے۔