اٹلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا

اٹلی نے پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

یورپ کوالیفائرز سے اٹلی کے ساتھ نیدرلینڈز بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہنچ گیا ہے، اٹلی نے بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر میگا ایونٹ میں جگہ بنائی۔

اٹلی کی ٹیم پہلی بار آئی سی سی ایونٹ کھیلے گی۔

گزشتہ روز ٹیم اٹلی نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 12 رنز سے کامیابی حاصل کی، ٹیم اٹلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بنا سکی۔

اٹلی ٹیم کے کپتان جو برنز کا کہنا ہے کہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ یورپ ریجنل فائنل میں ان کی ٹیم کی حیران کن فتح نے انہیں اگلے سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی دہلیز پر لا کھڑا کیا ہے۔

اٹلی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ جیسی شاندار ٹیم کو شکست دینا ان تمام قربانیوں کا صلہ ہے جو ہمارے کھلاڑیوں، عملے اور فیڈریشن نے دی ہیں اور امید ہے کہ یہ کامیابی ہمارے لیے مستقبل کی بڑی کامیابیوں کی بنیاد ثابت ہوگی۔