واپڈا اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو لینے کے دینے پڑگئے

اسلام آباد : پولیس نے واپڈا اہلکاروں پر بہیمانہ تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، سوسائٹی مالکان نے عدالت سے اسٹے لے رکھا تھا جسے خارج کردیا گیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے آئیسکو ملازمین پر تشدد کرنے والے نجی سوسائٹی کے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ مقدمہ ایس ڈی او روات محمد ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں
سوسائٹی کے صدر، جنرل سیکرٹری اور سائٹ انچارج سردار الطاف اور امجد خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ واپڈا اہلکاروں پر تشدد کے مقدمے میں مزید 30 سے 40 نامعلوم ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ،مزید تفتیش جاری ہے

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان آئیسکو کے 82.5 ملین روپے کے نادہندہ ہیں عدالت سے اسٹے آرڈر  لے رکھا تھا۔

متن کے مطابق عدالت نے 8 جولائی کو اسٹے آرڈر خارج کردیا تھا، جس کے بعد کارروائی کی غرض سے آئیسکو ملازمین سوسائٹی پہنچے۔

بجلی منقطع کرنے کیلیے سوسائٹی پہنچنے پر وہاں موجود سوسائٹی مالکان اور ان کے ساتھیوں نے واپڈا اہلکاروں پر تشدد کیا، ملزمان نے واپڈا کالونی پردھاوا بولا اور سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔