لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی امید بن چکی ہے، مشکلات اور چیلنجز کے باوجود امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
مریم نواز ’امید‘ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمت و حوصلہ کریں تو امید کی روشنی یقین کا تمتماتا سورج بن جاتی ہے، امید ایک ایسا جذبہ ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امید ہے ان شاء اللہ فلسطین اور کشمیر کے عوام پر جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ’مریم نواز خود کو اور والد کو زبردستی ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں‘
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کیلیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، پنجاب کے عوام کو اب صحت کی سہولتیں ملیں گی، ہر بچے کو لیپ ٹاپ، ہونہار اسکالر شپ اور بہترین تعلیم ملے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ پنجاب میں ہر بے گھر کو اپنی چھت کا سکھ ملے گی، پنجاب کا ہر کسان لہلہاتی فصلیں دیکھ کر خوش اور خوشحال ہوگا۔
اس سے قبل مریم نواز نے فاڈر ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا تھا کہ والد محترم نواز شریف کی گود پہلا مکتب اور ان کا سایہ وہ آسرا ہے جس نے مجھے ہر طوفان میں مضبوط رکھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ باپ سائبان کی مانند خود دھوپ سہہ کر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے، باپ وہ ہستی ہے جو اولاد کو صرف جینا ہی نہیں بلکہ سر اُٹھا کر جینا سکھاتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اپنی اولاد سے محبت اور ان کے حقوق پورے کرنے والے ہر باپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، باپ وہ چراغ ہے جو اولاد کے ہر اندھیرے میں روشنی بنتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نواز شریف میرے رہنما، قائد، استاد اور طاقت ہیں، ان کی شخصیت میری سیاست اور سوچ کا محور ہے، دعا گو ہوں کہ ہر بیٹے اور بیٹی کو ایسا باپ ملے جو خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔