اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے، اس سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کو احکامات جاری کر دیے۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پیپلز پارٹی نے ملکی سیاست میں مزید متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پارٹی کو ازسرنو فعال کیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری جلد لاہور اور جنوبی پنجاب کا دورہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی سیاسی رہنماوں کی پارٹی میں شمولیت کیلیے رابطے تیز کرے گی جس کیلیے قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دیے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا مطالبہ کر دیا
ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں سیاسی رابطوں کیلیے ذمہ داری مخدوم خاندان کے سپرد کر دی گئی، جنوبی پنجاب میں سیاسی رابطوں کا ٹاسک مخدوم احمد محمود کو دیا گیا ہے، وسطی پنجاب میں راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کا ئرہ اور ندیم افضل چن کو ٹاسک ملا ہے۔
صدر پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا محمد علی شاہ باچا کو سیاسی رہنماؤں سے رابطوں کی ذمہ داری ملی ہے، پارٹی کے خیبر پختونخوا میں سیاسی شخصیات سے رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا سے جلد پیپلز پارٹی میں نئی شمولیت کا امکان ہے۔