جاپان کی دو کار ساز کمپنیوں ہونڈا اور نسان نے ایک مشترکہ منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ہونڈا نسان کی بنائی ہوئی گاڑیاں امریکا میں فروخت کرے گی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا، نسان کی تیار کردہ گاڑیاں امریکا میں فروخت کرے گی، اس سلسلے میں مشترکہ منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔
امریکا میں نسان کے وہ پلانٹ جہاں گنجائش سے کم پیداوار ہو رہی ہے، میں بنائے گئے پک اپ ٹرکوں کو اس منصوبے کے تحت ہونڈا برانڈ کے تحت فروخت کیا جائے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس منصوبے سے دونوں کمپنیوں کو فائدہ ہوگا، نسان کے جو امریکی پلانٹس کم فروخت کی وجہ سے گنجائش سے کم کام کر رہے ہیں، نہ صرف انھیں مدد ملے گی بلکہ ہونڈا ممکنہ طور پر اس معاہدے کے ذریعے اپنے صارفین کی تعداد بڑھا سکے گی۔
پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت
امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے آٹوز اور آٹو پارٹس پر اضافی درآمدی محصولات عائد کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے نسان پر اس حوالے سے دباؤ بڑھ گیا ہے کہ وہ اپنی امریکی پیداواری بنیاد کا زیادہ سے زیادہ بہتر استعمال کرے۔ دوسری طرف رواں برس کے شروع میں انضمام کی ناکام کوشش کے باوجود ہونڈا اور نسان میں بات چیت چل رہی ہے۔
اگر ان دونوں کمپنیوں کا انضمام عمل میں آ جاتا تو یہ یہ دنیا کی تیسری بڑی کار ساز کمپنی بن جاتی، ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں جیسے شعبوں میں مل کر کام کرنے کا معاہدہ برقرار رکھیں گے۔