سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ، 24 شکایات میں سے 19 کو خارج کر دیا گیا

سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ، 24 شکایات میں سے 19 خارج

اسلام آباد (12 جولائی 2025): سپریم جوڈیشل کونسل نے آرٹیکل 209 کے تحت دائر 24 شکایات میں سے 19 کو متفقہ طور پر خارج کر دیا۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس منصور علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس جنید غفار نے شرکت کی، اجلاس میں تمام ایجنڈا آئٹمز کو انفرادی طور پر زیر غور لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کا سپریم جوڈیشل کونسل کو خط

سپریم جوڈیشل کونسل نے سیکرٹریٹ سروس رولز 2025 کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی جبکہ انکوائری کے طریقہ کار اور ضابطہ اخلاق میں ترامیم پر مزید غور کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، ان امور پر قانونی اور مسوداتی پہلوؤں سے مزید غور کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں آرٹیکل 209 کے تحت دائر 24 شکایات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 19 شکایات کو متفقہ طور پر داخل دفتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 5 کو فی الوقت مؤخر کر دیا گیا۔