جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا

جسپریت بمراہ

بھارت کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے کر سب کو حیران کردیا۔

لارڈز کے میدان میں جاری انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنا نام لارڈز کے اعزازی بورڈ پر بھی درج کروایا۔

جسپریت بمراہ کے ٹیسٹ کیریئر کی یہ 15ویں پانچ وکٹیں تھیں اور انہوں نے غیرملکی سرزمین پر سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کپل دیو کا ریکارڈ بھی توڑا۔

تاہم میڈیا سے گفتگو میں بمراہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ میں تھک گیا تھا، کوئی خوشی یا غم کا معاملہ نہیں تھا، لمبے اسپیل کے بعد میں تھک گیا اب میں 21 یا 22 سال کا نہیں کہ وکٹ لے کر اچھل کود کروں۔

انہوں نے کہا کہ میں خوش تھا کہ ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد اگلی گیند کرنے کی تیاری کرنے لگا۔

جسپریت بمراہ کی گفتگو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اشارہ کررہی ہے اور ممکن ہے کہ وہ مستقبل قریب میں ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیں۔