وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اپنے دفاع کے لیے ہے جارحیت کے لیے نہیں ہے۔
اڑان پاکستان سمر اسکالرز پروگرام کے لیے منتخب طلباء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایٹمی جنگ کا اندیشہ پیدا نہیں ہوا اور انشاء اللہ ہوگا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جون 2023 میں پیرس میں تھا حالات بہت خطرناک نظر آتے تھے، اس وقت اکثریت کا خیال تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا، اقلیت اک خیال تھا ہم ڈیفالٹ کے خطرے سے بچ جائیں گے، مجھے یقین تھا کہ ہم ڈیفالٹ نہیں کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے یقین تھا کہ اس مختصر مدت میں کوئی آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرلیں گے، ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات ہوئی جس کے نتیجے میں بحران پر قابو پایا، وزرا، بیورو کریٹس اور ماہرین کے ساتھ ایک لائحہ عمل مرتب کیا، لائحہ عمل دشوار تھا جس پر عملدرآمد اب بھی مشکل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل سے سنجیدہ کوشوں سے ٹیم ورک کے مثبت نتائج آئے، ایف بی آر سے تمام بدعنوان عناصر کو نکال پھینکا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چار لاکھ لیپ ٹاپس میرٹ پر تقسیم کیے گئے، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ان پر سرمایہ کاری ترجیح ہے، کرپشن اور سفارشی کلچر ختم کرکے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا ہے۔