مجھے دل کا دورہ پڑا تو نواز الدین صدیقی نے 10 دن خدمت کی، محمود اختر

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار محمود اختر نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے دل کا دورہ پڑا تو نواز الدین صدیقی نے میری 10 دن تک خدمت کی۔

سینئر اداکار محمود اختر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی کے عاجزانہ کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے بتایا کہ بلغاریہ میں فلم کی شوٹنگ کررہا تھا ایک لڑکا یونٹ کے ساتھ آیا ہوا تھا، ہم صوفیہ میں شوٹنگ کررہے تھے اور کلائمکس وارنا میں گئے تھے۔

اداکار کے مطابق جب فلم کا کلائمکس شوٹ کررہے تھے دوپہر کے کھانے کے بعد مجھے دل کا دورہ پڑا، اسپتال میں داخل ہوا ایک لڑکا جو انڈین یونٹ کے ساتھ آیا تھا اس فلم میں اس کا کوئی شوٹ بھی نہیں تھا وہ دس دن تک میری خدمت کرتا رہا اور اس کا نام نواز الدین صدیقی تھا۔

محمود اختر نے بتایا کہ دس بارہ دن جب تک میرا بیٹا نہیں پہنچا وہ میرے ساتھ اسپتال میں موجود رہا۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کو عزت دیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ آج میں یہاں بیٹھا ہوں تو ایک رات میں آگیا ہوں اس کے پیچھے پچاس سال کی محنت ہے۔

اداکار نے بتایا کہ نواز الدین صدیقی اس وقت چھوٹے کردار کرتے تھے اس کے بعد میری ان سے بات نہیں ہوگئی، غدر 2 کے ایک کیمرہ مین سے میرا رابطہ ہے، نواز الدین نے ایک شو میں میرا ذکر کیا تھا۔

محمود اختر نے کہا کہ نواز الدین صدیقی کا یہ مجھ پر قرض ہے، اللہ تعالیٰ نے اس پر کرم کیا ہے وہ اداکار بھی کمال کا ہے۔