کراچی کے بجائے جدہ پہنچانے کا معاملہ، مسافر نے ایئرلائن کو لیگل نوٹس بھیج دیا

لاہور سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچانے کے معاملے پر مسافر شاہ زین نے ایئرلائن انتظامیہ کو لیگل نوٹس بھیج دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 جولائی کو نجی ایئرلائن نے مسافر شاہ زین کو لاہور سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچایا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نجی ایئرلائن کی غفلت سے سعودی عرب میں پریشانی کا سامنا ہوا۔

لیگل نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ایئرلائن کی غلطی کے باعث اضافی سفری اخراجات برداشت کیے، نجی ایئرلائن سفری اخراجات سمیت سوالات کا جواب دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ایئرلائن نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور سے کراچی جانے والے مسافر کو جدہ پہنچا دیا تھا۔

یہ پڑھیں: نجی ایئرلائن نے لاہور سے کراچی جانے والے مسافر کو جدہ پہنچا دیا

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے کراچی جانے والے مسافر کے جدہ پہنچنے کا نوٹس لیا تھا، لاہور ایئرپورٹ منیجر نے نجی ایئرلائن کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

ایئرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسافر کا جدہ پہنچ جانا مذکورہ ایئرلائن کی غفلت اور لاپرواہی ہے اتھارٹی کو نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کی درخواست کردی ہے۔

متاثرہ مسافر نے کہا تھا کہ ڈومیسٹک ایئرلائن کی جگہ دو طیارے لگے ہوئے تھے، طیارے میں سوار ہونے کے بعد ایئرہوسٹس کو ٹکٹ بھی دکھائی تھی، ایئرہوسٹس کا فرض تھا کہ وہ بتائیں غلط طیارے میں آگیا ہوں، میرے پاس پاسپورٹ اور ویزا بھی نہیں تھا۔