کوٹ ادو: پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر فلڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ تونسہ بیراج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورت حال ہے، اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار 400 کیوسک ہے، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورت حال ہے، پی دی ایم اے نے ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تونسہ بیراج سے نکلنے والی رابطہ نہروں کو پانی کی فراہمی بند کر دی گئی، کوہ سلیمان سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کے بعد پانی کی سطح میں اضافہ ہو چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔
پاکستان کو دھکمیاں دینے والا بھارت خود چین کے آبی منصوبوں سے خوفزدہ
انھوں نے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عوام الناس کو موجودہ صورت حال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، اور عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ادھر ترجمان نے کہا ہے کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔