کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل، اعظم سواتی کو نیب نے طلب کرلیا

کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں نیب کے پی  نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو طلب کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب کے پی کی جانب سے اعظم سواتی کو 17 جولائی کو طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔

نیب نے نوٹس میں کہا ہے کہ اعظم سواتی کی جانب سے جمع کروائے گئے دستاویز ناکافی ہیں، نیب کی وزیر اعلیٰ کے پی کے اسپیشل اسسٹنٹ امجد علی کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔

نیب کے پی نے امجد علی خان کو اثاثوں کا ڈکلریشن 17 جولائی تک جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے کوہستان کرپشن اسکینڈل میں ملوث محمد ایوب کی پلی بارگین درخواست پر سماعت کرتے ہوئے نیب کو اس معاملے پر غور کرنے کی ہدایت کی تھی۔

جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل بینچ نے سماعت کی تھی۔ عدالت میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد علی اور اسپیشل پراسیکیوٹر نیب ارباب کلیم اللہ پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنا چاہتا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ نیب کو پلی بارگین شروع کرنے کی ہدایت کرے۔ تاہم جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے واضح کیا کہ ’’یہ ہمارا کام نہیں ہے، یہ نیب اور آپ کا آپس کا معاملہ ہے۔ پلی بارگین کے لیے ہم نیب کو کیسے ہدایت دے سکتے ہیں؟ کوئی قانون دکھائیں۔‘‘

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد علی نے عدالت کو بتایا تھا کہ درخواست گزار پر کوہستان کرپشن اسکینڈل میں تین ارب 40 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’اس نے پہلے ایبٹ آباد ہائیکورٹ اور پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں جو خارج ہوئی تھیں۔‘‘