روز نہیں کبھی کبھی ملنا چاہیے تاکہ محبت قائم رہے، فردوس جمال

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال کا کہنا ہے کہ روز روز ملنے سے قدر کم ہوتی ہے کبھی کبھی ملنا چاہیے تاکہ محبت قائم رہے۔

حالیہ انٹرویو میں سینئر اداکار فردوس جمال نے کہا کہ جن سے ہم روز ملتے ہیں ضروری نہیں ہے کہ ان سے ہمارا تعلق ہو، بظاہر لگتا ہے کہ تعلق ہے لیکن وہ ہوتا نہیں ہے۔

اداکار نے کہا کہ تعلق انہی سے ہوتا ہے جو آپ کی قدر اور محبت کرتے ہیں، جو آپ کی ویلیو پہچانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اندھوں کے ساتھ رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے ماسوائے کھانے پینے کے وہ بھی جو آپ کو نہیں کھلا سکتے، وہ آپ کو دیکھ نہیں سکتے سوچ نہیں سکتے اگر سوچیں گے بھی تو پتا نہیں کس زاویے سے سوچیں کہ آپ کون ہیں اور آپ کی شکل کیسی ہے۔

فردوس جمال نے کہا کہ ہمارے یہاں بدقسمتی سے ہم لوگ ایک دوسرے کو مل رہیں گے دیکھ رہے ہیں اٹھ بیٹھ رہے ہیں کھا پی رہے ہیں لیکن وہ ہمیں پھر بھی نہیں دیکھ رہے جان نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغ زندگی، تو اگر میرا نہیں بنتا تو نہ بن اپنا تو بن۔‘

یہ پڑھیں: فردوس جمال نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

انٹرویو کے دوران انہوں نے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر اور اداکارہ عائشہ خان کی المناک موت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت کی خبر سن کر دل بہت غمزدہ ہو گیا تھا، خاص طور پر یہ جان کر کہ ان کے آخری وقت میں کوئی ان کے پاس موجود نہ تھا۔

اداکار نے کہا کہ عام طور پر اگر کوئی مر جائے تو ہم اسے سانحہ نہیں کہتے، کیونکہ موت ایک فطری عمل ہے، ہم سب نے مرنا ہے، صرف اللہ ہی ہمیشہ باقی رہنے والا ہے، مٹی کو مٹی میں ملنا ہے، انسان کو واپس جانا ہے، یہ قدرتی عمل ہے، لیکن اس طرح کی واپسی انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔

فردوس جمال کا کہنا تھا کہ جس انداز میں یہ واقعات پیش آئے وہ افسوسناک ہے، ان واقعات نے دل کو بے چین کر دیا ہے اور دل میں یہی خیال آ رہا ہے کہ معلوم نہیں جب ان کی موت ہوگی تو ان کے پاس کوئی ہوگا یا نہیں۔