کراچی: واٹر کارپوریشن نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کا بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، یہ بریک ڈاؤن رات 12 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، جس کی وجہ سے لائن نمبر 5 دو مقامات سے متاثر ہو گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن حکام نے فوری مرمتی کام کا آغاز کر دیا ہے، جو کہ اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا، تاہم مرمتی کام کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔
حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر ترجمان حیسکو کی وضاحت
ادھر حیدر آباد میں موسلادھار بارش کے بعد اندورن سندھ کے دیگر شہروں کوٹری، جامشورو اور دیگر کی شاہراہیں اوررہائشی علاقے ڈوب گئے ہیں، اور حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔
طوفانی بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت گر پڑے جب کہ جیسکو کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے حیدر آباد کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ اس حوالے سے ترجمان حیسکو نے میڈیا کو بتایا کہ بارش کے باعث ریجن کے 650 میں سے 350 فیڈرز بند ہو گئے ہیں۔
بارش کے سبب 132 کے وی کے 11 ٹاورز بھی گرے ہیں، بجلی کے ٹاورز خان پور، سیہون، سلطان آباد سمیت مختلف مقامات پر گرے۔