اسلام آباد (15 جولائی 2025): وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر اطلاعات برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بھارتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہے۔
اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی معیشت مضبوط ہونے لگتی ہے سازشی عناصر سرگرم ہو جاتے ہیں، پی ٹی آئی کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اس کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 5 اگست کو احتجاج کا انتخاب مخصوص ایجنڈے کو ظاہر کرتا ہے، اس دن کی تاریخ کا تعین کرنا کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی تکنیک ہے، ریاست، حکومت اور (ن) لیگ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے تمام جیل سہولتیں واپس لے لی گئیں، علیمہ خان کا دعویٰ
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ نریندر مودی، اس کے دوست اور پروکسیز کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ریاست کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم سے سوال ہے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے یا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ؟ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے منہ سے نکلے جملے کی بازگشت دہلی اور تل ابیب تک سنائی دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے کے مطابق کے پی میں کرپشن بہت زیادہ ہے جبکہ 73 فیصد نے الزام لگایا سرکاری نوکریاں فروخت ہوتی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے میرٹ اور شفافیت پر بھرتیاں کرنے کو ترجیح دی ہے۔