بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آکر سیاست کرنا چاہیں تو ضرور کریں، شرجیل میمن

کراچی (15 جولائی 2025) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان میں سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بچوں کی پاکستان آمد سے متعلق کہا کہ ایک باپ کو اپنے بچوں سے ملنے کا پورا اختیار ہے۔ اگر ان کے بچے پاکستان آ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں۔ تاہم نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کرنے کی اجازت نہیں مل سکتی۔

شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے پاس جتنا مینڈیٹ ہے، انہیں کام کرنے دینا چاہیے۔ وہاں کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود اور ان کی طرز حکمرانی ان کے لیے اپوزیشن ہے۔ کے پی حکومت کے پاس بیچنے کو منجن نہیں ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے صوبے سمیت پورے پاکستان میں صنعتیں لگانی ہیں۔ ٹیکنالوجی کا دور ہے، نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔

سندھ حکومت سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کو ماہانہ اربوں روپے دے کر کچرا اٹھوا رہی ہے۔ کراچی میں کچروں کے پہاڑوں کو ختم کیا ہے۔

انہوں نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں جماعتیں عوامی مسائل پر بات کریں تو ہم سنیں گے اور حل بھی کریں گے، لیکن نفرت انگیز اور تعصب کی بات کریں گے تو ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جن کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے، وہ اپنی سیاسی چمکانے کے لیے نمبر پلیٹ پر سیاست کر رہے ہیں۔ جعلی نمبر پلیٹس پر حکومت کریک ڈاؤن کر رہی ہے تو انہیں کیوں اعتراض ہے۔

صوبائی وزیر بلدیات نے رواں ماہ لیاری بغدادی میں گرنے والی 6 منزلہ عمارت جس میں 27 افراد جان سے گئے تھے۔ اس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں پتہ چلا منہدم عمارت کا نقشہ ہی موجود نہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ لیاری میں جو عمارت گری اس کا نقشہ منظور نہیں تھا, وہ غیر قانونی عمارت تھی جو 80 کی دہائی میں بنی تھی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بلڈنگ قوانین موجود ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اگر کوئی انتظامی فیصلہ کیا ہے تو سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔