’آزاد ممبران کی تعداد پوری ہوئی تو خیبرپختونخوا میں عدم اعتماد لائیں گے‘

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ایم پی ایز آزاد ہیں، ممبران کی تعداد پوری ہوئی تو عدم اعتماد لے کر آئیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متفق نہیں ہوئی تو کوشش کریں گے آزاد ممبران کو ملا کر 6 نشستیں حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ 35 ایم پی ایز آزاد ہیں، ممبران کی تعداد پوری ہوئی تو عدم اعتماد لے کر آئیں گے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن آزمائشی مرحلہ ہے، اس میں کامیابی کے بعد اگلے مرحلے پر سوچیں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن سیکریٹری کو خط لکھا، میرے سیکریٹری نے وزیر اعلیٰ کے پی ایس کو خط لکھا، 21 جولائی کو سینیٹ الیکشن ہوگا، اپوزیشن کی مل کر پانچ نشستیں بنتی ہیں، سینیٹ الیکشن کے لیے خریدو فروخت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور اپوزیشن مل کر بلا مقابلہ امیدوار منتخب کریں تو اچھا ہوگا۔

علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے گورنر کے پی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے فلمی ڈائیلاگ ہوتے رہتے ہیں پہلے بھی ڈائیلاگ مارتے رہے ہیں، ان کو سنجیدہ نہیں لیتے، 90 دن میں دیکھتے ہیں کیا کرتے ہیں۔