پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پابندی عائد

سیلابی موسم : ٹک ٹاک نے پاکستانی صارفین کے لئے نیا فیچر متعارف کرادیا

پولیس افسران کے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے یونیفارم میں ویڈیو بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے اپنے تمام افسران کے مشہور سوشل میڈیا ایپ ’’ٹک ٹاک‘‘ پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ آئندہ کوئی اہلکار یونیفارم میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو نہیں بنائے گا۔

وفاقی پولیس نے سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر دو اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔ ان میں آپریشنز ڈویژن میں تعینات کانسٹیبل آفتاب احمد اور احتشام اسلم شامل ہیں۔

دونوں پولیس افسران پر ’’بدتمیزی‘‘ اور پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انہیں ریسکیو 15 رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کا ڈی آئی جی اسلام آباد نے بھی سخت نوٹس لے لیا ہے اور معطل افسران کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی ہوگی۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک کی بڑھتی مقبولیت اور تیزی سے وائرل ہونے کے شوق میں پولیس افسران اور اہلکار بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

اب تک ملک بھر کے مختلف علاقوں سے مرد وخواتین پولیس اہلکاروں کی دوران ڈیوٹی یونیفارم میں ویڈیو بنانے اور اس کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہی ہیں، جب کہ گاہے بگاہے متعلقہ حکام ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کر رہے ہیں۔

پنجاب اور سندھ میں پولیس کے سوشل میڈیا ایپ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی کی تنبیہہ کے باوجود اس قسم کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

https://urdu.arynews.tv/sindh-police-use-of-tik-tok-during-duties-alarming/