عام پینسل اور رنگوں سے خوبصورت شاہکار تخلیق، مصور نے سب کو حیران کردیا

مصور

کچھ نوجوان مصور اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلیے پینٹنگ برش کا سہارا لیتے ہیں اور کچھ مجسمہ سازی میں طبع آزمائی کرتے ہیں۔

لیکن کچھ ایسے فن کار بھی ہیں جو محض عام سی پینسل، آئل اور سادہ ٹولز کی مدد سے ایسے شاہکار تخلیق کردیتے ہیں جو دیکھنے والوں کو دم بخود کردیتا ہے۔

ان ہی میں ایک بہترین مصور رحیم اللہ بھی ہیں جن کا تعلق خیبر پختوا کے علاقے سوات کے ایک قصبے سے ہے، یہ بچپن سے ہی پینٹنگ فٹبال اور رباب کے شوقین رہے ہیں لیکن ان کا جنون مصوری ہی رہا ہے۔

اے آر وائی نیوز سوات کے نمائندے کامران کامی کی رپورٹ کے مطابق ان کے فن پارے نہ صرف کاغذ بلکہ (اسٹون آرٹ ) پتھروں پر بھی نظر آتے ہیں جن پر خوبصورت تقش نگاری کرکے انہوں نے لوگوں کو اپنے فن کا گرویدہ بنالیا۔

رحیم اللہ کا کہنا ہے کہ اگر مجھے مہنگے اور اعلیٰ معیار کے ٹولز مل جائیں تو اس سے بھی اچھی اور معیاری مصوری کرسکتا ہوں۔