پنجاب میں تیز بارش میں گھروں کی چھتیں گرنے سے 11 افراد جاں بحق

کراچی: ٹرک نے اسکول سے واپس آنیوالے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹیوں کو کچل دیا

لاہور: صوبہ پنجاب میں تیز بارش میں گھروں کی چھتیں گرنے سے 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں، صوبے میں گزشتہ روز سے جاری بارش میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع گاؤں مرید وال میں مکان کی کچی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین، 2 بچیاں اور ایک بزرگ شامل ہیں، جن کی شناخت 50 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 35 سالہ رانی، 3 سالہ خدیجہ، اور 4 سالہ لطیفہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حادثے میں 30 سال کا فیصل اور 5 سالہ بچی ببلی زخمی ہوئے جنھیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو حکام کے مطابق گھر کی چھت مٹی اور لکڑی سے بنی ہوئی تھی۔

لاہور کے علاقے مشن کالونی رائیونڈ روڈ پر بھی ایک گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، پاکپتن میں بارشوں سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے 11 واقعات رپورٹ ہوئے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ان حادثات میں 2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق، جب کہ 17 افراد زخمی ہوئے۔

پاکپتن میں بارش کے باعث غلہ منڈی پانی میں ڈوب گئی ہے، اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، ڈپٹی کمشنر زخرف فدا ملک کا کہنا ہے کہ شہر میں 120 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے شہر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، سیالکوٹ اور ساہیوال شہر اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے۔ گجرات، کوٹ رادھا کشن، ڈسکہ، حافظ آباد میں وقفہ وقفہ سے بارش ہو رہی ہے، حویلی لکھا اور وزیر آباد میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے۔