راولپنڈی: پنجاب کے جڑواں شہروں میں چینی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں چینی بحران شدید ہو گیا ہے، پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، چکوال، تلہ گنگ میں بھی چینی نایاب ہونے سے عوام پریشان ہو گئے ہیں۔
حکومتی دعوؤں کے باوجود مارکیٹوں سے چینی غائب ہے، ہول سیل اور پرچون کی دکانوں پر چینی کا اسٹاک موجود نہیں ہے، ملز مالکان کا کہنا ہے کہ ان کا اسٹاک ختم ہو چکا ہے اس لیے سپلائی بند ہو گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں پرچون میں چینی 190 سے 200 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جب کہ ہول سیل میں 50 کلو چینی کا تھیلا 9300 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کے معاملے میں نظرثانی ٹینڈر جاری
دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کا چینی سستی کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے، اور دکان داروں پر بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں، جس پر مرکزی انجمن تاجران نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے گزشتہ روز ایک نظر ثانی ٹینڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے مرحلے میں 3 لاکھ کے بجائے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کا فیصلہ کیا ہے، اور اس سلسلے میں 22 جولائی 2025 تک بولیاں طلب کر لی گئی ہیں، جو اس سے قبل 18 جولائی 2025 تک کی گئی تھیں۔
اس سے قبل 11 جولائی 2025 کو وفاقی حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے پر عمل شروع کیا تھا اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان نے ٹینڈر بھی جاری کیا تھا۔