لاہور: پنجاب کا شہر لاہور تیز بارشوں کی زد پر ہے، شہر میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، جس سے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مون سون کا تیسرا اسپیل رات 9 بجکر 10 منٹ پر شروع ہو گیا ہے، تیسرا سپیل وقفے وقفے سے شدید بارش کا باعث بن رہا ہے، شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں۔
موسلا دھار بارش کے باعث متعدد افسوس ناک واقعات بھی پیش آئے ہیں، شہر میں بوسیدہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جا ں بحق ہوئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، رائیونڈ میں چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پنجاب میں گزشتہ روز سے جاری بارش میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے، صرف لاہور میں بارش کے دوران حادثات میں دس افراد جان سے گئے۔