اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ

تیانجن : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں علاقائی امن واستحکام اور ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، ملاقات تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

اسحاق ڈار نے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چینی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزرائے خارجہ کے درمیان سی پیک سمیت اہم امورپرگفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا۔

پاکستان اور چین کی اسٹرٹیجک شراکت داری پر اعتماد کا اعادہ کیا گیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن واستحکام اور ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

گذشتہ روز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیور سیدوف سے بھی ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا "ہم نے پائیدار اور کثیر جہتی پاک-ازبک شراکت داری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جاری اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اور ازبک-افغان-پاک ریلوے رابطے کے منصوبے سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عہد کیا۔”