اداکار احسن خان نے ایک تقریب کے دوران پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے بھارتی مصنف جاوید اختر سے ملاقات میں انہیں امن کا سبق پڑھا دیا۔
پاکستانی اداکار احسن خان نے حال ہی میں لندن میں برطانوی پارلیمنٹ میں ایک ادبی تقریب میں شرکت کی، جہاں وہ بھارتی مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر اور لیجنڈ اداکارہ شبانہ اعظمی کے ساتھ نظر آئے۔
تقریب کے دوران احسن خان نے امن، اتحاد اور مشترکہ ثقافت کا پیغام دیا، اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ میرے پیارے دوست طارق فیضی، وہ ہمیشہ بہترین تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں، سب کو اکٹھا کرتے ہیں اور اس بار بھی مجھے یہاں شرکت کا موقع ملا، میں اس تقریب کا حصہ بننے پر سب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔
’انتخاب نہ بھی کریں تب بھی جہنم ہی جائیں گے‘ شوبز شخصیات نے جاوید اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا
اداکار نے مزید کہا "یہ بہت خوبصورت لگتا ہے جب ہم مختلف کمیونٹیز، مختلف علاقوں اور مختلف ممالک کے لوگوں کو ایک جگہ اکٹھے ہوتے ہوئے دیکھتے ہیں اور محبت اور امن کی بات کرتے ہیں، کیونکہ جیسا کہ آپ نے پہلے ذکر کیا، پوری دنیا میں آپ دیکھتے ہیں کہ امن کے خلاف سب کچھ ہو رہا ہے، اس لیے امن کی بات کرنا بہت ضروری ہے۔”
تقریب میں موجود احسن خان نے اس ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے کہا، ’ہمیں ایک دوسرے سے کٹنے کے بجائے جُڑنے کی ضرورت ہے اور بطور فنکار ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم محبت، امن اور بھائی چارے کی بات کریں۔‘
احسن خان نے زور دیا کہ فنکار معاشروں کو جوڑنے کا ذریعہ ہوتے ہیں، نہ کہ انہیں مزید تقسیم کرنے کا، بس اچھی باتیں بولیں تاکہ ہماری باتوں کا اثر دور دور تک ہو، اس زبان کے ذریعے، سنیما کے ذریعے، ٹیلی ویژن کے ذریعے، آئیے ہمیشہ امن کی بات کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ جاوید اختر ماضی میں پاکستان کے خلاف سخت اور توہین آمیز بیانات دے چکے ہیں، جس میں انہوں نے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے براہ راست الزام تراشی کی تھی۔
View this post on Instagram