انگلینڈ کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ، مائیکل وان کا ردعمل آگیا

لارڈز ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی نے انگلینڈ ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا جس پر سابق کپتان مائیکل وان کا ردعمل آگیا۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے انگلینڈ کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ کرنے پر آئی سی سی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وان نے لکھا کہ ’لارڈز میں دونوں ٹیموں کے اوور ریٹ بہت ناقص تھے، صرف ایک ٹیم کو کس طرح ملامت کی گئی یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی نے بدھ کو انگلینڈ کو بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز فتح کے بعد سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے پر جرمانہ کیا تھا۔

انگلینڈ کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو پوائنٹس میں کمی ہوئی ہے اور ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق انگلینڈ نے مقررہ وقت میں دو اوور کم کرائے ہیں، ڈبلیو ٹی سی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل.16.11.2 کے تحت ٹیمیں ہر اوور کے لیے ایک ڈبلیو ٹی سی پوائنٹ کھو دیتی ہیں۔

انگلینڈ کی پوائنٹس کٹوتی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔