پی ٹی آئی میں اختلافات کی اطلاعات ہیں تاہم اب پارٹی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم نے عالیہ حمزہ سے اختلافات ختم کر دیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جس میں پارٹی قائدین میں اختلافات کی خبریں پہلے ہی گردش کر رہی ہیں۔ ان اطلاعات کو دو روز قبل پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ نے تقویت دی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے گزشتہ اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا تھا۔
اب جب سلمان اکرم راجا کا غصہ ٹھنڈا ہوا تو انہوں نے عالیہ حمزہ سے اپنے اختلافات ختم کر دیے اور اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کوئی نفاق نہیں ہے۔ میں جلد عالیہ حمزہ بہن کے ساتھ بیٹھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹیوں میں تلخ کلامی ہو جاتی ہے، لیکن سب متحد ہیں۔ ہم نے آگے بہت لمبی سیاسی جنگ لڑنی ہے۔ پاکستانی عوام کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت لاہور میں موجود تھی اور پارٹی اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا۔
تاہم اس اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہ کیے جانے پر انہوں نے پارٹی قیادت کے خلاف طنزیہ ٹویٹ کیا اور تحریک کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے تھے۔
عالیہ حمزہ کے طنزیہ ٹویٹ پر پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری برہم، کارروائی کا عندیہ
عالیہ کے اس ٹویٹ کا پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا کام ٹویٹ کرنا نہیں بلکہ پنجاب میں تنظیم سازی کو مضبوط کرنا ہے۔ آئندہ اس طرح کی کسی بھی حرکت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
https://urdu.arynews.tv/aaliya-hamzas-sarcastic-tweet-against-pti-leadership/