اداکارہ عینا آصف کا کہنا ہے کہ میں بچی ہوں لیکن لوگ کمنٹس میں خیال نہیں کرتے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں ’مایا‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ عینا آصف نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں نجی زندگی اور شوبز سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میں کچھ برا پڑھ لیتی تھی تو میری رات خراب ہوجاتی تھی اور رونا شروع کردیتی تھی اب تھوڑا سا اس کا اثر ہوتا ہے لیکن کوشش کرتی ہوں کہ ان کے بارے میں نہ سوچیں۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگ لُکس کے بارے میں کمنٹس کرتے ہیں، آپ جو بھی کرلو شکل و صورت نہیں بدل سکتی اور مجھے لگتا ہے کہ شکل و صورت پر کمنٹس نہیں کرنا چاہیے اگر آپ کو اچھی نہیں لگتا ہے تو دیکھو ہی نہیں۔
یہ پڑھیں: عینا آصف کی عمر کتنی ہے؟ اداکارہ نے بتادیا
عینا آصف نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک پوسٹ میں میرا کارٹون کیریکٹر سے موازنہ کیا جارہا تھا وہ کارٹون بہت اچھا تھا لیکن بعد اندازہ ہوا کہ یہ میری بے عزتی کی جارہی ہے اور زیادہ تر کمنٹس میں سب مذاق اڑا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ یہ نہیں دیکھتے میں بچی ہوں بس منفی تبصرے کرنے لگ جاتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ سیٹ پر جب ہوتی ہوں تو کوشش ہوتی ہے تو لوگ ڈرامے اور اسکرین کو دیکھیں، انہیں عینا نہیں بلکہ مایا نظر آئے، میں کسی بھی ساتھی اداکار کے ساتھ محبت میں نہیں ہوں لہٰذا کردار کو حقیقی زندگی سے نہ جوڑیں۔