اسٹرینجر تھنگز 5 کا ٹیزر نیٹ فلکس پر ریلیز

اسٹرینجر تھنگز سیریز کی پانچویں فلم ایک بار پھر سے مداحوں کا دل دہلانے کےلیے تیار ہے، نیٹ فلکس پر فلم کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا۔

پچھلی 4 سیریز کی طرح اس بار بھی فلم مافوق الفطرت کرداروں اور واقعات کے گرد گھومتی ہے جبکہ اسٹرینجر تھنگز5 میں بھی الیون نامی لڑکی اور اس کے دوست غیرمعمولی حالات کا بہادری اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے دکھائے دیتے ہیں، کچھ دیر پہلے ریلیز ہونے والے آفیشل ٹیزر کو صرف ایک گھنٹے میں 6 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔

"اسٹرینجر تھنگز” نیٹ فلکس کی ایک مشہور سائنس فکشن، ڈراؤنی اور پراسرار واقعات سے بھرپور ڈراما سیریز ہے جسے ڈفر برادران نے تخلیق کیا ہے۔ اس سیریز کی کہانی 1980 کی دہائی کے ہاکنز، انڈیانا نامی ایک افسانوی قصبے کے گرد گھومتی ہے۔

اس قصبے میں اسرار واقعات رونما ہوتے ہیں اور ایک دوسری دنیا کی موجودگی کا انکشاف ہوتا ہے جسے "اپ سائیڈ ڈاؤن” کہا جاتا ہے۔

سیریز کا مرکزی پلاٹ ایک خاص ذہنی صلاحیتوں والی لڑکی "الیون” اور اس کے دوستوں کے گرد گھومتا ہے جو ان عجیب و غریب واقعات اور مافوق الفطرت مخلوقات کا مقابلہ کرتے ہیں۔

اسٹرینجر تھنگز کے اب تک چار سیزن ریلیز ہو چکے ہیں، پانچواں سیزن آخری ہوگا جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، پہلا سیزن 2016 میں ریلیز ہوا تھا جس میں ول بائرز نامی لڑکے کے غائب ہونے اور الیون نامی لڑکی کے پراسرار طور پر نمودار ہونے کے واقعات دکھائے گئے تھے۔

دوسرے سیزن میں "اپ سائیڈ ڈاؤن” کے ہاکنز پر بڑھتے ہوئے اثرات اور نئے خطرات کو دکھایا گیا، جبکہ تیسرے سیزن میں ہاکنز میں ایک نئی مال (Mall) کے کھلنے اور سوویت یونین کی خفیہ سرگرمیوں کو نمایاں کیا گیا۔

چوتھا سیزن کافی زیادہ بڑا اور مہنگا تھا، جس میں کئی نئے کرداروں کو متعارف کرایا گیا تھا اور کہانی کو ایک نئے خطرناک موڑ پر لے جایا گیا تھا۔

پانچواں اور آخری سیزن 2025 میں ریلیز ہوگا اور اس کے 8 ایپی سوڈز کے عنوانات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

اس سیزن میں 1987 کے واقعات دکھائے جائیں گے اور یہ ہاکنز کے باشندوں کی "اپ سائیڈ ڈاؤن” کے خلاف آخری جنگ ہو گی، یہ سیریز اپنی بہترین کہانی، مضبوط اداکاری اور 80 کی دہائی کی نوسٹالجیا کی وجہ سے دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوئی ہے۔