آندرے رسل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کنگسٹن: ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

آندرے رسل نے 2010 میں ویسٹ انڈیز کے لیے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، رسل ویسٹ انڈیز کی جانب سے آخری ہوم ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلیں گے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق آل راؤنڈر پہلے دو ٹی 20 میچز میں حصہ لیں گے جو سبینا پارک میں 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جائیں گے، بقیہ تین میچوں میں میتھیو فورڈ ان کی جگہ حصہ لیں گے۔

رسل نے بین الاقوامی سطح پر ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے پر اظہار تشکر اور فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا میری زندگی کی سب سے قابل فخر کامیابیوں میں سے ایک رہا ہے، جب میں بچہ تھا مجھے اس سطح تک پہنچنے کی امید نہیں تھی لیکن جتنا زیادہ آپ کھیلنا شروع کریں گے اور کھیل سے محبت کرنے لگیں گے، آپ کو احساس ہوگا کہ آپ کیا حاصل کرسکتے ہیں۔

آندرے رسل نے کہا کہ میں میرون رنگوں میں نشان چھوڑنا چاہتا تھا اور دوسروں کے لیے ایک تحریک بننا چاہتا تھا۔

انہوں شاندار بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کرنے کے موقع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے کھیلنا ہمیشہ بہترین رہا ہے، میں اگلی نسل کے لیے رول ماڈل بن کر اپنے بین الاقوامی کیریئر کو اعلیٰ سطح پر ختم کرنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ آندرے رسل نے ایک ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی، سات نصف سنچریوں کی مدد سے تمام فارمیٹس میں 2114 رنز بنائے۔ انہوں نے 132 بین الاقوامی وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

رسل ویسٹ انڈیز کی 2012 اور 2016 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔