رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے

بارش راولپنڈی اسلام آباد

راولپنڈی: رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہو چکی ہے۔

واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں چوبیس گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مجموعی طور پر اب تک 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہو چکی ہے، نالہ لئی کٹاریاں پر پانی کی سطح 16 فٹ، گوالمنڈی پل پر 15 فٹ تک جا پہنچی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، ریسکیو ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر امدادی کارروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی ہیں۔ ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی ہر صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، پاک فوج کے دستے الرٹ ہیں، مدد کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔


کراچی میں ڈیڑھ منٹ کے وقفے سے 2 مقامات پر زلزلے کے جھٹکے


سید پور میں 53، گولڑہ 77، بوکڑہ 95، پی ایم ڈی 63، شمس آباد 67، کچہری میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پیرودھائی اور گوالمنڈی میں 90 ملی میٹر، کٹاریاں میں 80 ملی میٹر بارش ہوئی، حکام کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے ہیوی ڈی واٹرنگ سیٹس سرگرم ہو چکے ہیں، اور نشیبی علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور مری روڈ کی شاہراہیں زیر آب آ گئی ہیں، نشیبی علاقوں میں گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہے، راولپنڈی میں بارش پانی گھروں میں داخل ہوا اور بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، دریں اثنا، نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے ہیں۔