کراچی: اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے کراچی میں 36 روزہ ٹریفک مہم کے نتائج سامنے آ گئے، اے آر وائی نیوز نے سندھ سیف سٹی سرویلنس سسٹم کی کارکردگی رپورٹ حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سیف سٹی سرویلنس سسٹم کی کارکردگی رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چھتیس روزہ ٹریفک مہم کے دوران چوری شدہ، چھینی گئی اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے چلنے والی نمبر پلیٹ اور چہرہ شناختی نظام کے استعمال سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 10 جون سے 16 جولائی کے دوران 19 مقدمات درج کیے گئے، اور چہرہ پہچاننے والے کیمروں سے 23 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
سیف سٹی رپورٹ کے مطابق کراچی میں اے این پی آر سسٹم سے غیر قانونی 4 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، ڈی جی سیف سٹی آصف اعجاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار مزید وسیع ہو رہا ہے۔
سیف سٹی پراجیکٹ کیمروں کے الرٹس کا ٹیسٹنگ پیریڈ، نتیجہ کیا نکلا؟
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بتایا گیا تھا کہ سندھ سیف سٹی کیمرے اپنی ٹیسٹنگ پیریڈ میں الرٹس کامیابی سے بھیج رہے ہیں، اور 21 روز میں 15 گرفتاریاں اور مقدمات درج کر کے گاڑیاں ضبط کی گئیں، جب کہ اسنیچر گینگ کی گرفتاری اور ہزاروں الرٹس بھی جاری ہوئے۔
ڈی جی سیف سٹی آصف اعجاز شیخ کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں کی ٹیسٹنگ کے دوران 21 روز میں اسنیچر گینگ کی گرفتاری اور ہزاروں الرٹس جاری ہوئے ہیں۔ ڈی جی کے مطابق سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں نے 20 جنوری سے کام شروع کیا تھا۔